26 ہزار سے زائد افسران و اہلکارسکیورٹی کیلئے تعینات

لاہور( آئی این پی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے کرسمس کی آمد کے حوالے سے مسیحی عبادت گاہوں، حساس مقامات کی سکیورٹی کے لئے پلان فائنل کر لیا ہے جس کے مطابق آج25 دسمبر کے موقع پر صوبہ بھر کے 3286 گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے 26557 افسران و اہلکار تعینات ہوںگے ۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے 2335 سی سی ٹی وی کیمرے، 3427 میٹل ڈٹیکٹرز اور سینکڑوں واک تھرو گیٹس استعمال ہوں گے،صوبائی دارالحکومت میں 622 مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے 3422 افسران و اہلکار، 271 میٹل ڈٹیکٹرز اور 236 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال ہوں گے جبکہ خواتین مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے لیدیز پولیس اہلکار تعینات ہوں گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے صوبے کے 3286 گرجا گھروں کو اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے ، اے کیٹیگری میں 154، بی کیٹیگری میں 414 ، سی کیٹیگری میں 2718 گرجا گھر شامل ہیں جبکہ صوبہ بھر میں اے ، بی اور سی کیٹیگری کے 3501 مسیحی عباداتی پروگرامز منعقد ہوں گے جنہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close