حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا معاملہ، درخواست پر سماعت آج ہو گی

لاہور( آئی این پی)تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے میں رکاوٹ کے خلاف دائر درخواست پر آج پیرکے روز لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہو گی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی درخواست پر سماعت کریں گے۔ فاضل عدالت نے ہفتہ کے روز چیمبر میں سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر کے روز جواب طلب کیا تھا۔

حماد اظہر کے والد میاں اظہر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ میرا بیٹا حماد اظہر این اے 129 سے انتخاب میں حصہ لینا چاہتا ہے، پولیس اور ریٹرننگ افسر کاغذات نامزدگی جمع ہونے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا جائزہ لے اور پولیس کو بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم دے۔یاد رہے کہ لاہور پولیس کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 دسمبر کو حماد اظہر کو 9 دوسرے مفرور ملزموں کے ساتھ اشتہاری دے چکی ہے جبکہ پولیس کی درخواست پر نادرا مراد سعید، اعظم سواتی اور حماد اظہر سمیت 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈبلاک کردیئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close