ن لیگ پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی؟ رانا ثنااللہ نے اہم ترین پالیسی بیان دے دیا

لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کے لئے حکمت عملی کے تحت آگے چل رہے ہیں،پنجاب میں ہمیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت تو نہیں، اگر کہیں ضرورت ہوئی تو اس پر سوچا جاسکتا ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن میں کامیاب ہونے کے لئے ممکن اور ضرورت کو مدنظر رکھا جاتا ہے، الیکشن میں کامیابی کے لئے ایڈجسٹمنٹ اور حمایت کے لئے کوشش کی جاتی ہے۔

سندھ اور کراچی میں جے ڈی اے اور ایم کیو ایم کے ساتھ بات ہو رہی ہے، امید ہے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے بہتر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہو گی، خیبر پختونخوا میں جے یو آئی اور دوسروں سے بات فائنل سٹیج پر نہیں، سمجھتے ہیں خیبر پختونخوا میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ضروری ہو گی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں ہمیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت تو نہیں، اگر کہیں ضرورت ہوئی تو اس پر سوچا جاسکتا ہے، مسلم لیگ (ق) بھی اس بات کی خواہشمند ہے، ہمارا بھی ارادہ ہے اگر انہیں کسی سیٹ پر ایڈجسٹ کرنے میں آسانی ہو تو ہم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کی بنیاد پر کہا جارہا ہے کہ وہ تاحیات نااہل ہیں، نواز شریف کے فیصلے پر قانون اس وقت موجود ہے، قانون کی روح سے آئین کی تشریح یا وضاحت کردی گئی ہے جہاں مدت کا تعین نہیں وہاں نا اہلی زیادہ سے زیادہ 5 سال ہو گی، پانچ سال کا عرصہ گزر گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ نے قانون پاس کر لیا ہے، نواز شریف کی نااہلی ختم ہوچکی ہے، اس قانون کو پارلیمنٹ سے پاس ہوئے 5ماہ ہو گئے ہیں، کسی نے چیلنج نہیں کیا، نوازشریف کی نااہلی ختم ہوچکی ہے، ابھی ان کی کچھ اپیلیں زیر سماعت ہیں، وہ کیسز ایسے ہیں کہ نواز شریف کے باعزت بری ہونے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close