جنگلی بٹیر، فالکن اور مرغابی کے 24 شکاری گرفتار

لاہور ( آئی این پی)سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات کا پنجاب بھر میں فالکن اور بٹیر کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے آپریشن بلا تعطل پوری قوت سے جاری ہے اور جس کے نتیجے میں جھنگ ، خوشاب ، فیصل آباد ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، قصور ، وہاڑی اور بہاولنگر سے جنگلی بٹیر ،فالکن اور مرغابی کے چوبیس غیر قانونی شکاری گرفتار ، متعدد کو بھاری جرمانے جبکہ چھ نیٹنگ گیئرز برآمد ۔

تفصیل کیمطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد ریجن عامر خان نیازی کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف فیصل آباد اور جھنگ نے جنگلی بٹیر کے آٹھ اور فالکن کے تین غیر قانونی شکاری گرفتار کرکے انہیں ایک لاکھ ستاسی ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف وہاڑی میاں منیر احمدنے جنگلی بٹیر کا ایک شکاری گرفتار کرکے اسے پندرہ ہزار روپے جرمانہ اور سامان شکار ضبط کرلیا اور دو نیٹنگ گیئرز برائے شکار جنگلی بٹیر برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ اسیطرح ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ساہیوال ریجن نوید طارق کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف ساہیوال نے جنگلی بٹیر کے دو شکاری گرفتار کرکے انہیں بیس ہزار روپے جرمانہ کیااور ایک نیٹنگ گیئر برآمد کرلیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف اوکاڑہ نعیم طاہر نے فالکن کے دو غیر قانونی شکاری گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر برآمد کرلیا۔ ایسی ہی دو مختلف کارروائیوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف قصور ذیشان یوسف جتوئی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالکن کے دو اور جنگلی بٹیر کے دو شکاریوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولنگر منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی بٹیر اور مرغابی کے چار شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں پینتالیس ہزار وپے جرمانہ کیا اور دو نیٹنگ گیئرز ضبط کرلئے ۔ اسیطرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف خوشاب رانا محمد اشفاق نے دریائی علاقہ اور تھل سے فالکن کے شکار کیلئے لگائے گئے پانچ مختلف پارٹیوں کے عارضی شیلٹرز کو آگ لگادی جبکہ کبوتر دیگر سامان شکاراپنی تحویل میں لے لئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close