عیدالاضحی کی آمد، عادی گداگروں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

لاہور (آئی این پی) عیدالاضحی سے قبل شہر کے چوک چوراہوں میں عادی گداگروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہونے پر سی ٹی او لاہور نے عادی گداگروں، بھکاریوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیدیا ۔ اس حوالے سے سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے ڈویژنل افسران اور سرکل افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سگنلز پر بھکاریوں اور گدگروں کو فوری ہٹایا جائے، شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے صاف کیا جائے گا، شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، جعلی معذوری کا روپ دھار کر بھیک مانگنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کیلئے نہیں، گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر بلکہ حادثات کا اندیشہ بھی رہتا ہے، ٹریفک سگنلز کو گداگری جیسی لعنت سے پاک کیا جائے گا، حوصلہ شکنی سے نہ صرف معاشرے میں بہتری بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی، غریب ہونا جرم نہیں مگرا پنے آپ کو دوسرں کیلئے محتاج بنانا اخلاقا جرم ہے، بھیس بدل کر بھیک مانگنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں، عادی گداگر ہمدردی کے لئے جعلی معذروی کا سہارا لیتے ہیں، سی ٹی او لاہور نے گداگری جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے کیلئے ٹریفک پولیس کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے ۔۔۔۔

close