لاہور( آئی این پی ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جیل میں خواتین سے ناروا سلوک کے الزامات صرف پراپیگنڈہ ہیں۔مائوں بہنوں کی عزت ہوتی ہے، خدارا ایسے الزامات لگانے سے قبل سوچ لینا چاہیئے ۔ساری مائیں بہنیں ہماری اپنی ہیں اور ہم نے مائوں بہنوں کی عزت کرنا سیکھی ہے۔9 مئی کے واقعات میں 32 خواتین گرفتار ہوئیں اوران میں سے 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر لیڈیز جیل میں ہیں اور ان خواتین کے ساتھ جیل میں لیڈیز سٹاف ہوتا ہے۔
کبھی جیل میں اس طرح کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، کیمرے بھی لگے ہوئے ہیں اور ہماری مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ہیں۔ وہ رات گئے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ مائوں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔خدانخواستہ پنجاب میں کوئی بھی ایسا واقعہ رونما ہو تو جب تک میں موجود ہوں اس وقت تک مائوں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو ہر صورت گرفتار کر رہے ہیں۔ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث کوئی بھی جتنا مرضی اثرورسوخ والا ہو وہ چھوٹے گا نہیں۔ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والا جو بھی ہو اس کا پورا ٹرائل ہو گا۔جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والا کوئی چھوٹ سکتا ہے نہ ہم چھوڑیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت تک عمران خان کی نظر بندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ خدیجہ شاہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور قانونی کارروائی ہو رہی ہے۔ہم نے بعض پولیس والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا ہے جبکہ دیگر واقعات میں مطلوب خواتین سے نرم رویہ اختیار کیا ہے اور انہیں گرفتار کرنے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ان خواتین کو تفتیش کے لئے بلا رہے ہیں اور ریڈ کے لئے بھی لیڈیز پولیس کو ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ ایک خاتون ایس ایس پی تمام امور کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ خاتون ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر آج دوبارہ جیل میں خواتین سے ملنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ہماری ذمہ داری ہیں، جو صحافی کوریج کے لئے گئے تھے، ہم انہیں فوری چھوڑ رہے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ صحافیوں کا نام لسٹ میں بھی نہ آئے، صحافی ہماری پہلی ترجیح ہیں۔ قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا اورتعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔کمشنر لاہورڈویژن/ ڈی جی ایل ڈی محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے بھی عوامی فلاح کے اس منصوبے پر ورکرز کو کام کرتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔محسن نقوی نے 15 جون تک سمن آباد انڈر پاس کو ٹریفک کے لئے کھولنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے پر دن رات کام جاری رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ 5 ماہ سے منصوبہ سست روی کا شکار تھا۔اب اس منصوبے پر کام تیز ہوا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں