پنجاب ٹیکسٹ بورڈ، نئے سلیبس کی کتابوں کی چھپائی نامکمل، سکولوں میں پڑھائی شروع نہ ہو سکی

فیصل آباد (آئی این پی)پنجاب ٹیکسٹ بورڈ کی طرف سے نئے سلیبس کے تحت کتابوں کی چھپائی کا کام مکمل نہ ہو سکا، نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے کے باوجود طلبہ وطالبات کو کتابیں نہ ملنے پر سکول میں تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں سرکاری ونجی سکولوں میں اپریل میں نئے تعلیمی سیشن کا آغاز ہو چکا ہے اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل نئی کتابوں کی اشاعت کا کام مکمل کر کے کلاس اوّل تا دہم کے طلبہ وطالبات کو نئے سلیبس کے تحت کتابیں فراہم کی جاتی ہیں۔

تاہم اس مرتبہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی طرف سے نئے تعلیمی سیشن 2023ء کیلئے ابھی تک اکثر جماعتوں کے مکمل سلیبس کی اشاعت کا کام مکمل نہ ہو سکا۔آٹھویں جماعت کے ریاضی کی کتاب چھپ نہ سکی اور طلبہ وطالبات روزانہ بک ڈپو کے چکر لگانے پر مجبور ہیں اور تدریسی عمل شروع ہونے سے شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بازاروں میں بکڈپو والے اگلے روز آنے کا کہہ کر طلبہ وطالبات کو ٹرخا دیتے ہیں۔والدین کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مئی کے مہینے میں شدید گرمی ہونے پر موسم گرما کی تعطیلات ہو جاتی ہیں اور اگر بچوں کو بروقت کتابیں نہ ملیں تو ان کا مستقبل دائو پر لگ سکتا ہے۔ مختلف جماعتوں کی نئی کتابیں مارکیٹ میں شارٹ ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے تعلیمی سیشن شروع ہونے پر کلاس دہم تک تمام سلیبس فراہم کیا جائے تاکہ طلبہ وطالبات اپنی پڑھائی شروع کر سکیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں