آر ڈی اے نے 4 غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کو نوٹس جاری کر دیئے، تفصیل سامنے آ گئی

راولپنڈی(آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آرڈی اے نے چار غیر قانونی نجی ہاسنگ سکیموں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں جن میں چکری روڈ راولپینڈی پر کیپٹل آرچرڈ، چکری روڈ پر پرائم ویلی، چکری انٹرچینج کے قریب ایریزون سٹی اور روات راولپنڈی میں سٹی ہاسنگ سکیم شامل ہیں۔

آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے نوٹس لیتے ہوئے عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں سے اجتناب کریں۔ انہوں نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان چار غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائیں۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ پلاننگ ونگ آر ڈی اے غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں جمع کرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے مالکان اور سپانسرز اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ آر ڈی اے نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے بھی درخواست کی ہے کہ ان غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام النا س کو ان کے سکیموں میں پھنسنے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا جرائم غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے مالکان کی طرف سے کیے گئے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاسنگ سکیم رولز 2021 کے رول 37 کے تحت بھی قابل گرفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ڈویلپمنٹ پر جرمانہ، جب تک نادہندہ رہے گا جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر عوام الناس کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہاسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہاسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسے RDA کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں