فیصل آباد، گھنٹہ گھر پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش، نوجوان کے خلاف مقدمہ درج

فیصل آباد (آئی این پی)فیصل آباد تھانہ کوتوالی پولیس نے گھنٹہ گھر پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش کرنے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دن دیہاڑے غلام محمد آباد کے علاقہ صدر بازار بی بلاک کے رہائشی 30 سالہ محمد عمران ولد محمد اشرف جس کا مبینہ طور پر ذہنی توازن درست نہ ہے گھنٹہ گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر سیڑھیوں کے راستے سے مینار پر چڑھ گیا اور شہریوں پر پتھر برساتا رہا، گھنٹہ گھر پر چڑھتے نوجوان کو دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور مذکورہ شخص کو نیچے اترنے کا کہا تو اس نے ریسکیو ٹیم اور دیگر پر پتھر برسائے، گھنٹہ گھر پر چڑھے دیکھ کر شہری موبائل کیمروں سے ویڈیو بھی بناتے رہے۔تاہم ریسکیو1122 نے کافی جدوجہد کے بعد مذکورہ نوجوان کو کرین کے ذریعے بحفاظت نیچے اتارنے میں کامیاب ہو گئے اور اس کو حوالہ پولیس کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان کا کہنا ہے کہ گھر والے اسکی شادی نہیں کرتے تھے اور کبھی کہتا کہ گھر والے موبائل فون لیکر نہیں دیتے تھے، تاہم پولیس نے مذکورہ نوجوان کو حوالات میں بند کر کے اس کے خلاف میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے سب انجینئر کی مدعیت میں اقدام خودکشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close