عوامی نیشنل پارٹی سے 60 سالہ رفاقت ختم، سینئر لیڈر نے وجہ بتا دی

مینگورہ(آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی سے حال ہی میں ساٹھ سالہ رفاقت ختم کرکے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے سابق صوبائی وزیر ومعروف سیاسی شخصیت واجدعلی خان نے کہاہے کہ پارٹی چھوڑنے کی وجہ قیادت کاجانبدارانہ اورنامناسب رویہ تھاجس کے باعث اے این پی کو خیربادکہہ دیاہے،دیگرپارٹیوں کے قائدین نے وفودکی شکل میں ملاقاتیں کرکے شمولیت کی دعوت دی تھی مگرمسلم لیگ ن میں شمولیت ساتھیوں کی مشاورت سے اختیارکی،

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں نے ساتھیوں کا جرگہ بلاکر اس کی رائے لی جرگہ میں پانچ سو سے زائد افرادشریک تھے جن میں اکثریتی ساتھیوں نے ن لیگ کے حق میں رائے دی جس پر ہم نے پی ایم ایل میں شمولیت کا فیصلہ کیا جسے بعدازاں ایک بڑی تقریب میں عملی جامہ پہناکر شمولیت کا اعلان کیا،انہوں نے کہاکہ ہمارامقصد اب بھی عوام کی خدمت ہے جس کاسلسلہ اب اِس پارٹی کے پلیٹ فارم سے جاری رکھیں گے،انہوں نے کہاکہ جب سے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیارکی ہے اس وقت سے مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں جوعنقریب ن لیگ میں شامل ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے،انہوں نے کہاکہ زندگی کازیادہ ترحصہ اے این پی میں گزارہ اس دوران ہم نے عوام اورعلاقے کیلئے جو کچھ کیاہے وہ سب پرعیاں ہیں،ہم نے پارٹی چھوڑی مگر نصب العین نہیں چھوڑا اب بھی ہمارے حجرے کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close