گنڈاپور نے آمادگی ظاہر کر دی

اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس پر پولیس کی جانب سے دھاوا بولنے کے خلاف مقدمے کے معاملہ پر کے پی حکومت، آئی جی اسلام آباد کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کرے گی۔

پشاور سے ذرائع کے مطابق آئی جی اور چیف سیکریٹری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مقدمہ درج نہ کرنے پر آمادہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کے پی حکومت مقدمے سے متعلق صوبائی کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرے گی۔ کابینہ نے آئی جی اسلام آباد اور 600 اہلکاروں پر کےپی میں مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری اور آئی جی نے قانونی پہلوؤں سے متعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔

افسران نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعہ جہاں ہوا وہاں پر ہی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے اور یہاں مقدمہ درج کیا گیا تو افسران کے خلاف مقدمات کیلئے اسے جواز بنایا جائے گا، کل کو ہمارے افسران کے خلاف دیگر صوبوں میں مقدمات درج ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مقدمہ اندراج پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی کے پی سے رابطہ بھی کیا تھا جبکہ ایڈووکیٹ جنرل نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پولیس چھاپے کے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا تھا۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اس مسئلہ پر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل کے پی اور ان کا اسٹاف اس پر کام کر رہا ہے۔ قانونی کارروائی پوری ہونے کے بعد اس پر ایکشن لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close