خیبرپختونخوا کے پولیس اہلکار رگڑے میں آ گئے

خیبر پختونخوا پولیس نے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر شانگلہ اور پشاور میں اہلکاروں کو شوکاز نوٹس اور وارننگ لیٹر جاری کردیے۔

جیو نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق ڈی پی او شانگلہ نے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے 63 پولیس اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں۔ذرائع کے مطابق افسران بالا کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ استعمال پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں میں انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی لیول کے افسران سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پشاور میں بھی 20 پولیس اہلکاروں سے سوشل میڈیا استعمال پر جواب طلب کیا گیا ہے ۔حکام کی جانب سے پولیس سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر 3 دن میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس ڈسپلن فورس ہے اور سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی قابل سزا جرم کے زمرے میں آتی ہے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل پولیس آفس نے پولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی لگائی تھی، پابندی کے باوجود اہلکار و افسران کا سوشل میڈیا گروپس میں ایڈ ہونا یا اپنے اکاؤنٹس چلا نا پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ایس ایس پی کو آرڈینیشن نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ نہ کرنے پر کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close