ایم ڈی کیٹ میں بلیو ٹوتھ کا استعمال، 8 پکڑے گئے

ایم ڈی کیٹ میں مبینہ طور پر بلیوٹوتھ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ پشاور سے ذرائع کے مطابق کرک میں نجی ہاسٹل سے 8 افراد حراست میں لیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کرک سے بلوچستان میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بلیوٹوتھ کے ذریعے حل کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے امیدواروں کو بلوچستان میں رجسٹرڈ ہونے کا کہا تھا۔ کرک کے رہائشیوں نے ایم ڈی کیٹ کےلیے خود کو بلوچستان میں رجسٹرڈ کروایا۔ کے پی میں سیکیورٹی بڑھانے اور بہتر انتظامات کے باعث یہاں ٹیسٹ آؤٹ نہیں کرسکتے تھے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر گزشتہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ آؤٹ کرنے والے گینگ سے ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پہلے سے ملزمان کا پتہ لگایا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمان اور امیدواروں سے خفیہ بلیوٹوتھ ڈیوائسز برآمد ہوئیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال خیبر پختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بلیوٹوتھ اسکینڈل کے باعث دوبارہ منعقد کروایا گیا تھا۔ ایم ڈی کیٹ بلیوٹوتھ اسکینڈل میں کرک سے ظفر گینگ کے افراد گرفتار ہوئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں