5 گرانفروش گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیئے گئے

پشاور(آئی این پی )محکمہ خوراک نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی روڈ سے 5 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے یونیورسٹی روڈ پر خیبر چرسی ہوٹل‘ یونیورسٹی تکہ ہوٹل‘ رئیسان شنواری ہوٹل اور صداقت جوس شاپ میں چیکنگ کی۔

سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے من پسند نرخ پر روٹی کی فروخت‘ ناقص صفائی صورتحال پر مذکورہ ہوٹلز اور صداقت جوس شاپ کے مینیجرز کو گرفتار کر کرلیا جبکہ نان بائی کو بھی کم وزن روٹی اور نرخنامے سے تجاوز کرنے پر دھرلیا گیا جنہیں حوالات میں بند کردیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا ترجیح ہے جبکہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری غیر معیاری اشیائے خوردونوش اور گرانفروشوں کے خلاف محکمہ خوراک کے شکایات سیل پر رابطہ کریں جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں