پشاور، 7 کیفے مالکان گرفتار کر لیے گئے، کون کون شامل؟

پشاور(آئی این پی )محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر حیات آباد میں رات گئے کارروائیاں کرتے ہوئے 7 کیفے مالکان کو گرفتار کرلیا ۔ عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے حیات آباد فوڈ سٹریٹ میں رات گئے چمن کیفے ‘ کوئٹہ وزیرستان کیفے ‘ کوئٹہ آغا کیفے ‘ خوندونہ ریسٹورانٹ ‘بلنہ ریسٹورانٹ میں تاتارا پولیس کے ہمراہ چیکنگ کی اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔

قہوہ 110 روپے فی کیتلی ‘ چائے کپ 80 روپے اور کباب 900 روپے فی کلو فروخت کرنے پر 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرا نفروشوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شہری محکمہ خوراک کے شکایات سیل کو گرانفروشوں سے متعلق آگاہ کریں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسر ان کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف اوقات کار میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close