پشاور، پیپلز پارٹی رہنما ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شامل

پشاور(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل تنگی کے سابقہ صدر اور موجودہ سرپرست اعلیٰ میاں سردار گل نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔یہ اعلان تحصیل تنگی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا جس سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائوخطاب کر رہے تھے۔

سکندر شیرپائو نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے پیپلز پارٹی کے سرکردہ کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ سنگین صورتحال میں قومی وطن پارٹی صوبہ کے عوام کیلئے امید کی کرن ہے اور ہم متحد ہوکر صوبہ اور یہاں کے عوام کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اورہر موقع پر صوبہ اور عوام کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے عوام کی بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے صوبہ میں ہوشربا مہنگائی اور بد امنی پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے اصلاح احوال کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی کے سابقہ حکمرانوں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ صوبہ میں دس سال برسراقتدار رہنے والوں نے صوبہ کوپسماندگی اور بے روزگاری کے اندھیروں سے نکالنے کی بجائے مالی طور پر مفلوج کردیااور آج صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ صوبہ میں اقتصادی و معاشی سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں اور بیرونی سرمایہ کار یہاں پر پیسہ لگانے سے کترا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی سیاست کے قائل ہے اور ہمیں جب بھی موقع ملا صوبہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔اس موقع پرکیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ اور تحصیل تنگی کے پارٹی مشران و کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close