پشاور کو لوڈشیڈنگ فری ماڈل ضلع بنانے کا فیصلہ

پشاور (آئی این پی )خیبرپختونخواحکومت نے ضلع مردان کولوڈشیڈنگ فری ماڈل سٹی بنانے کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاورکوبھی لوڈشیڈنگ فری ماڈل ضلع بنانے کا فیصلہ کیاہے۔پشاورشہر میں نادہندہ بجلی صارفین سے واجبات کی ریکوری اوربجلی کے ناجائزاستعمال کے تدارک میں مزید تیزی لانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرلیا گیاہے۔ صوبے بھرکی ضلعی انتظامیہ،پولیس حکام اورپیسکوکی آپریشنل ٹیموں کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

بجلی میٹرزکی سہولت سے محروم علاقوں میں میٹرائزیشن کاعمل تیزکرتے ہوئے تمام فیڈرزکے نادہندہ بجلی صارفین سے ریکوری کے اہداف بڑھانے کابھی فیصلہ کیا گیاہے۔اس سلسلے میں صوبائی ٹاسک فورس برائے توانائی کا چوتھا اجلاس زیرصدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری خزانہ وقبائلی امورعابدمجیدمنعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدخان،ڈپٹی سیکرٹری انڈسٹری مقبول خان کے علاوہ تمام ڈویژنل کمشنرز،ریجنل پولیس آفیسرزاورچیف ایگزیکٹو پیسکو سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصہ میںصوبائی ٹاسک فورس نے صوبہ بھر میں جاری مہم کے دوران بل ادانہ کرنے والے صارفین سے اب تک اڑھائی ارب روپے سے زائد کی ریکوری،بجلی چوری کے گھنائونے فعل میں ملوث عناصر پر20کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کرتے ہوئے28ہزارغیرقانونی کنکشن منقطع کئے گئے ہیں ۔ مختلف علاقوں میں 17ہزارسے زائد چھاپے مارتے ہوئے10ہزارافرادکے خلاف مقدمے درج اور 650ملزموںکو گرفتارکیا گیاہے۔صوبائی ٹاسک فورس کے سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عابد مجید نے ضلع مردان میں واجبات کی ریکوری اوربجلی چوری کے تدارک کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہارکیا اورمردان شہرکو لوڈشیڈنگ فری سٹی قراردینے پر ٹاسک فورس کومبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اورچیف سیکرٹری کی ہدایات پر ضلع پشاورکو بھی لوڈشیڈنگ فری سٹی بنانے پرکام شروع کردیا گیاہے۔ انہوں نے کمشنر پشاورسمیت پیسکوچیف اورپولیس حکام کو ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے مقررہ ہدف کوحاصل کرنے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ٹاسک فورس سربراہ نے پیسکوچیف کو ہدایت کی کہ وہ غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں اورانڈسٹریل علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف مہم تیزکریں تاکہ بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالتے ہوئے انہیں نشان عبرت بنایا جائے ۔انہوں نے تمام افسران کوبلاخوف وخطربااثراورمافیاکے خلاف کارروائیاں تیزکرنے پر زوردیا تاکہ عوام میںصرف غریب بجلی صارفین کے خلاف ہی آپریشن کرنے کا تاثر ختم کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی ٹاسک فورس میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کو قومی معاملے پر بہترین کارکردگی اورکوآرڈنیشن قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close