بحریہ ٹاؤن پشاور میں بے ضابطگیاں، ملک ریاض سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج، بحریہ ٹاؤن پشاور کے دفاتر سیل کر دیئے گئے

پشاور (پی این آئی) بحریہ ٹاؤن پشاور کے منصوبے کے لیے زمین خریدنے میں بے ضابطگیوں پرپراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔۔۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی رات کو ملک ریاض کے خلاف ایف آئی آر تھانہ متھرا میں درج کی گئی ہے۔۔۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن نے متعلقہ محکموں سے این او سی لینے میں بے ضابطگیاں کیں۔۔۔

درج کی گئی ایف آئی آر میں ملک ریاض حسین، حنا ملک، حامد ریاض اور عامر رشید اعوان نامزد کیے گئے ہیں، جبکہ مقدمے میں 419، 420 سمیت چھ دفعات شامل کی گئی ہیں۔۔۔پشاور میں شراع کیے جانے والے ہاؤسنگ کے بڑے منصوبے کے لیےایک جانب منتخب کی گئی زمین پر دو فریقین میں شدید لڑائی چل رہی ہے تو دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کو این او سی جاری نہیں کیا جا رہا۔۔۔
پشاور بحریہ ٹاؤن کے لیے متھرا کے علاقے میں واقع کافور ڈھیری کا انتخاب کیا گیا جس پر سابق ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان کے خاندان اور قوم عیسیٰ خیل کے درمیان کئی برسوں سے تنازع چل رہا ہے۔۔۔ بتایا گیا ہے کہ اس لڑائی کی اصل وجہ قوم عیسیٰ خیل کی کافور ڈھیری پر دعوے داری ہے، فریقین کئی برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہیں اور موقعہ ملتے ہی ایک دوسرے کو نشانہ بناتے ہیں۔۔۔پشاور کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی کا کہنا ہےکہ بحریہ ٹاؤن سوسائٹی کے پاس این او سی موجود ہے اور نہ ہی زمین خریدی گئی ہے، اس لیے اس کے دفاتر کو سیل کردیا گیا ہے۔۔۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام قانونی قواعد و ضوابط پورے کرنے کے بعد دفاتر کھولنے یا کام کرنے کی اجازت ملے گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں