پشاور، 13 دکانداروں کو جیل بھیج دیا گیا

پشاور(آئی این پی ) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کرتے ہوئے 13افراد کو جیل بھیج دیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے حیات آباد اور پشتہ خرہ کے مختلف علاقوں میں فوڈ پوائنٹس میں چیکنگ کی اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 13افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا جن میں 4 قصاب‘ پانچ نانبائی اور 4 دودھ فروش شامل ہیں۔

راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں جبکہ مرتکب افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ نرمی نہ برتی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close