خیبرپختونخوا، شدید بارشیں، خواتین، بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے

پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے دوران خواتین، بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے،خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارشوں کے بعد متعدد خواتین اور بچے زخمی ہوئے ہیں، اسی دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں بھی گر گئیں،ریسکیو ذرائع کے مطابق لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جاں بحق اور زخمیوں کو سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،دوسری طرف ضلع بنوں میں ایک بار پھر تیز بارش اور طوفان نے 8 مختلف مقامات پر گھروں کی دیواریں گرا دیں اور کچھ مقامات پر چھتوں کو اڑا دیا جن میں سوارنی، ککی، پکا بچک، ہوید ، چاند ماری، برگے پمپ، نیو سبزی منڈی، پیر خیل ککی کے علاقے شامل ہیں،ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے باعث خاتون سمیت تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 54 افراد زخمی ہوگئے ہیں جس میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے، زخمیوں میں مرد بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امدادکے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،ادھر بلوچستان کے ضلع خضدار کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جو کہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close