خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بڑی تباہی

صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 60 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں 40 مرد، 8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ بارشوں کے باعث 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 25 جزوی طور پر تباہ اور 5 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں کلاؤڈ برسٹ سے کئی مکانات اور مال مویشی بہہ گئے جبکہ متاثرہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

بونیر میں ہلاکتوں کی تعداد میں تضاد
ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق پیر بابا اور گردونواح میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 75 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔دوسری جانب میڈیکل آفیسر ڈاکٹر امتیاز کے مطابق پیر بابا اسپتال میں اب تک 43 لاشیں لائی جا چکی ہیں جن میں 25 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔

پاک فوج کا فلَڈ ریلیف آپریشن
پاک فوج کی ٹیمیں سوات اور باجوڑ میں ریلیف آپریشن کر رہی ہیں، متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کے ساتھ ساتھ راشن اور ادویات بھی پہنچائی جا رہی ہیں۔

آزاد کشمیر میں تباہی
آزاد کشمیر میں مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔ مظفرآباد میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان سے گئے۔ کلاؤڈ برسٹ کے باعث رتی گلی روڈ بہہ گئی اور بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے جو فی الحال محفوظ ہیں۔ نیلم اور لوات نالے پر تین، تین پل بہہ گئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کوہالہ بند ہو گئی۔ متاثرہ علاقوں میں 30 سے زائد مکانات اور دکانیں تباہ ہوئیں جبکہ بالائی علاقوں میں بجلی اور فون سروس بھی معطل ہے۔ محکمہ تعلیم نے بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں سرکاری و نجی اسکول آج اور کل بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

گلگت بلتستان میں جانی نقصان اور بجلی کا بحران

گلگت بلتستان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ غذر میں 8 اور دیامر میں 2 بہن بھائی جاں بحق ہوئے۔ سیلاب سے نلتر پاور اسٹیشن تباہ ہوگیا جس سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔ حکام کے مطابق متاثرہ سڑکوں کی بحالی اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر پگھلنے سے حسن آباد نالے کے اطراف کٹاؤ تیز ہوگیا ہے، انتظامیہ نے مکانات خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close