خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی خبروں پر وزیر اعلیٰ علی امین کا رد عمل سامنے آگیا

پشاور(پی این آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایک پرامن جماعت پرامن طریقے سے اپنے لیڈر کی رہائی کے لئے نکلتی ہے، پر امن احتجاج کے شرکاء پر گولیاں برسانا شروع کر دیا جاتا ہے۔

پشاور میں صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گورنر راج لگانا ہے تو لگاؤ، کیا ہمارا خون سفید ہے، دہشت گردی کا مقابلہ ہم کریں۔ گورنر ہاؤس سے ڈراتے ہو، چیلنج دیتا ہوں کہ لگاؤ گورنر راج۔ تقریر کے دوران وزیراعلیٰ کا مائیک بند ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ریڈ زون اور ڈی چوک کے ڈرامے نہ دکھائیں ہم پر گولیاں بھی چلائی گئیں۔ جو ملے ہوئے ہیں وہ ہر جگہ ہر قسم کی سازش کر رہے ہیں، ہم کرسیوں والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا اسلام آباد کے چوکوں پر مجھ پر فائر کیے گئے، بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا کہ ڈی چوک پہنچیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہم پر براہ راست کئی بار قاتلانہ حملے ہوئے، چائنا چوک اور ڈی چوک میں فائرنگ کی گئی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اپنی نسلوں کو محفوظ کرنے کے لیے ہمیں انقلاب لانا ہوگا، ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی جلد از جلد چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close