پشاور ( پی این آئی ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس میں شرکا نے بنوں امن جرگہ کے بیشتر مطالبات سے اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے علاوہ بنوں جرگہ کے ارکان شریک ہوئے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکا نے بنوں امن جرگہ کے بیشتر مطالبات سے اتفاق کیا ہے، بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت منعقدہ ایپکس کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دہشت گرد ہر صورت قابل مذمت ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ اگر کوئی بھی مسلح غیرسرکاری شخص ملوث ہو تو اسے گرفتار کرکے کارروائی کی جائے۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پولیس مسلح گروہ کے دفاتر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے گی، عسکری اداروں نے واضح کیا کہ صوبے میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی پولیس اور سی ٹی ڈی کرے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بارڈر کے قریب ایسے علاقوں میں جہاں پولیس کارروائی نہ کرسکے وہاں فوج کی مدد لی جائے گی، پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ہر وقت گشت کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق موجودہ نفری اور گاڑیوں سے تمام صوبہ بشمول جنوبی اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر اضافی مدد فراہم کی جائے، نئی اسامیوں کی تخلیق میں جنوبی اضلاع کو ترجیح دی جائے، مشکوک علاقوں اور مدارس پر سی ٹی ڈی کارروائی کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں