راولپنڈی(آئی این پی)شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں شہید ہونے والے سپاہی ارشاد اللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں شہید ہونے والے سپاہی ارشاد اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، جس کے بعد ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپر د خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ کے دوران سیکورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اورشدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے سپاہی ارشاد اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔جاری بیان کے مطابق 29 سالہ شہید سپاہی ارشاد اللہ شہید نے 7سال قبل فرنٹئیر کور میں شمولیت اختیار کی تھی، انہوں نے سوگوران میں بیوہ اور1 بیٹا چھوڑے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ارشاد اللہ شہید کے 2 بھائی بھی پاک فوج میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں جو شہید کے گھرانے کی پاکستان اورافواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کی عکاسی کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سلام ہو وطن کے اِن بیٹوں پر جنہوں نے اپنی جوانی سرزمین پاک پر قربان کردی تاکہ دہشتگردی کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جاسکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں