اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے موسلادھار بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خطرے کے سائرن پر فوری انخلاء کے لیے تیار رہیں اور مقامی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
مزید برآں، لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان شہروں میں ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو محتاط رہنے اور اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی تاکید کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں