اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش نے صورتحال کو خطرناک بنا دیا ہے۔ 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہونے کے بعد نالہ لئی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک جا پہنچی ہے۔ خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
نالہ لئی کے کنارے آباد علاقوں میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ واسا حکام کے مطابق صورتحال قابو سے باہر ہونے کی صورت میں پاک فوج کو طلب کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے ضلع میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گھروں میں رہیں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے اضافی ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔
گلشن اقبال، دھمیال روڈ کے قریب ایک شخص برساتی نالے میں بہہ گیا۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ شخص کی تلاش میں مصروف ہیں۔آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں دریائے نیلم اور دیگر ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ جہلم میں بھی طغیانی کے باعث فوج سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث شہریوں کو مزید احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں