ن لیگ کو مسخروں کی انجمن کے طور پر رجسٹرڈ کرانے کا مشورہ دے دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے مسلم لیگ (ن)کو سیاسی چالبازیوں پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو مسخروں کی انجمن کے طور پر رجسٹرڈ کرائے، ترجمان نے کہا کہ سیاسی پروگرام سے محروم بزدل مفرور کی قیادت میں نون لیگ کی پوری لیڈرشپ الٹی سیدھی قلابازیاں لگانے میں مصروف ہے۔مسلم لیگ (ن)کے روز بدلتے بیانیے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ ججوں اور جرنیلوں کے احتساب سے شروع ہونے والا سلسلہ معاملات اللہ کے سپرد کرنے پر تمام ہوا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن)کا نہ کوئی سیاسی پروگرام ہے اورنہ ہی یہ کوئی سیاسی جماعت ہے بلکہ یہ مسخروں اور مفاد پرست لالچی لوگوں کا ایک ٹولہ ہے جن کو ملک اور اس کے عوام کے مفاد کی فکر تک نہیں۔پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ اس بات کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ بزدل مفرور سمیت پارٹی کی پوری قیادت عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سزا یافتہ مفرور کی وطن واپسی سے قبل نئے بیانیے کی آڑ میں ڈرامے رچانے میں مصروف ہے۔ پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران اپنے رِنگ ماسٹر کی قیادت میں مسخروں کا گروہ بیانات اگلنے اور نگلنے، ایک ٹانگ پر گھومنے اور پیر سر پر رکھ کر بھاگنے کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ ججوں اور جرنیلوں کے احتساب سے شروع ہوا اور معاملات اللہ کے سپرد کرنے پر ختم ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے جلسے تیزی سے بند گلیوں میں سمٹ رہے ہیں جبکہ کیلبری کوئین کا جنونِ تمیز و ادب میں ڈھل رہا ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ مفرور کی وطن واپسی کا پورا منصوبہ ترلے منت اور جوتے چمکانے کی مہم میں بدل چکا ہے۔ تاہم، انہوں نے مشورہ دیا کہ نون لیگ کے پاس سیاسی بقا کا واحد راستہ شریفوں کی نحوست سے جماعت کو آزاد کروانے میں ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم مفرور سمیت مسخروں کی اس انجمن کے حساب کتاب کیلئے پوری طرح تیار ہے،پی ٹی آئی ترجمان نے واضح کیا کہ صاف شفاف انتخابات شرانگیزوں کے اس گروہ کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔۔۔

close