اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے گلگت کے عوام کی ضرورت کے پیش نظر گلگت میں نو تعمیر شدہ ایل پی جی ائر مکس پلانٹ کو فوری چلانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کا حل اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وہ آ ج اسلام آباد میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیڈ اور وزارت اُمور کشمیر کے اعلیٰ حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہاکہ نوتعمیر شدہ ایل پی جی پلانٹ کو آپریشنل کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو گیس کنکشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔اُنہوںنے کہاکہ ایل پی جی پلانٹ کی تعمیر گلگت کے عوام کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ جہاں اس پلانٹ سے گلگت کے عوام کو زندگی کی ایک بنیادی سہولت میسر ہو گی وہاں یہ پلانٹ سیاحت اور ماحولیات کے حوالے سے ایک سنگ میل بھی ثابت ہو گا جس کی مدد سے گلگت بلتستان میں جنگلات کا تحفظ ممکن ہو گااور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ اُنہوںنے کہاکہ وزارت اُمور کشمیر ،گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کے بجٹ ،گندم کی فراہمی اور باونڈری ایشو جیسے معاملات پر ہمیشہ وزارت اُمور کشمیرنے بھرپور معاونت کی اور بطور مشیر اُمور کشمیر میں نے ہمیشہ تما م تر سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اس سے قبل سوئی نادرن پائپ لائنز لمیٹڈ حکام نے ایل پی جی پلانٹ کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ایل پی جی پلانٹ آپریشنل ہونے کے لیے مکمل ہے اور اس سلسلے میں ایک کنزیومر سروس سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے اور رہائشیوں سے گیس کنکشن کے حوالے سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں ۔
حکام نے بتایا کہ جیسے جیسے پائپ لائنز کا نیٹ ورک پھیلتا جائے گا ایسے ہی گیس کی فراہمی کے عمل کو مکمل کر لیا جائے گا۔حکام نے یہ بھی بتایا کہ اس ایل پی جی پلانٹ کی بدولت گلگت کے تقریباً 14 ہزار گھریلو صارفین مستفید ہوں گے۔ اجلاس میں قمر زمان کائرہ نے ایل بی جی پلانٹ کو عید الفطر کے فوری بعد آپریشنل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور اس امر پر بھی زور دیا کہ آئندہ موسم سرما سے قبل اس منصوبے کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے تاکہ موسم سرما میں گلگت بلتستان کے 14 ہزار صارفین اس منصوبے سے بھرپور مستفید ہو سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں