میر عبدالقدوس بزنجو کو عدم اعتماد کے ذریعے بڑے منصب سے ہٹا دیا گیا

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو عدم اعتماد کے ذریعے بلوچستان عوامی پارٹی کی صدارت سے ہٹا دیا گیا ، نوابزادہ خالد مگسی بلامقابلہ پارٹی کے نئے صدر منتخب ہوگئے ۔اتوار کو بلوچستان عوامی پارٹی کا جنرل کونسل اجلاس بوائز اسکاٹس ہیڈکوارٹر کوئٹہ میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی ، مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور کاکڑ،صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی، سینئر نائب صدر سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر کہدہ بابر، سینیٹر پرنس آغا عمر احمد زئی ، زبیدہ جلال سمیت سابق وفاقی و صوبائی وزرائ، اراکین اسمبلی اور کونسل کے ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے آگنائزنگ سیکرٹری ملک خدابخش لانگو نے تحریک پیش کی کہ پارٹی صدر میر عبدالقدوس بزنجو کافی عرصے سے غیر فعال ہیں لہذا انکے خلا ف عدم اعتمادکرکے پارٹی کا نیا صدر منتخب کیا جائے ۔ جس پر اجلاس کے شرکانے کثرت رائے سے تحریک منظور کرلی جس کے بعد نئے پارٹی صدر کا قیام عمل میں لانے کے لئے فتح جمالی، یحییٰ خان جوگیزئی ، روز اے جان پر مشتمل الیکشن کمیشن قائم کیا گیا ۔اس دوران دو امیدواروں نوابزادہ خالد مگسی اور عبدالکریم آغا نے صدارت کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تاہم بعد میں عبدالکریم آغانے نوابزادہ خالد مگسی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاغذواپس لے لئے اور نوابزادہ خالد مگسی بلامقابلہ بلوچستان عوامی پارٹی کے تیسرے صدر منتخب ہوگئے جبکہ اجلاس میں نو منتخب صدر نے سینیٹر کہدہ بابر کو بلوچستان عوامی پارٹی کا سیکرٹری اطلاعات و ترجمان مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close