آن لائن ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والوں کیلئےاہم خبر

اسلام آباد میں بغیر رجسٹریشن ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائیکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائیکیا سروسز کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت کی جائے گی، جبکہ رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو بھی مکمل ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ڈرائیورز کے لیے مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازم ہوگا، اور مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر کسی ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر باضابطہ رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close