راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ اڈیالہ جیل اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دایگل اور گورکھپور ناکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، کیونکہ آج بروز منگل جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن مقرر ہے۔ گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر سمیت 6 رہنماؤں کی فہرست ملاقات کے لیے بھجوائی گئی تھی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی ملاقات کے لیے جیل پہنچیں گی۔
دوسری جانب، 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے اور راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت آج ہوگی۔ اس موقع پر موٹروے کا سفر کرنے والے شہریوں کے لیے احتیاطی انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے۔ مقدمے کے 11 میں سے 8 ملزمان کی حد تک استغاثہ کے 18 گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے، جبکہ علیمہ خانم اور شریک ملزم عاطف ریاض کے وکلا آج پیش ہوں گے۔ گزشتہ روز عدالت نے وکلا کی عدم پیشی پر وارننگ دی تھی کہ آج ہر صورت جرح مکمل کی جائے، بصورت دیگر اسٹیٹ کونسل مقرر کر دیا جائے گا۔
سماعت کے دوران سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی سربراہی میں پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں موجود ہوگی۔ دیگر آٹھ ملزمان کی حد تک 18 گواہان پر جرح مکمل ہونے کے بعد، اب علیمہ خانم اور عاطف ریاض کے وکلا کو بقیہ 10 گواہان پر جرح کا عمل مکمل کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






