10 لاکھ روپے تک کا نقد انعام جیتیں، حکومت کی جانب سے بڑا اعلان

پنجاب حکومت نے ایک بڑے مقابلے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کروڑوں روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “سونا اگلتا پنجاب” وژن کے تحت محکمہ زراعت نے صوبہ بھر میں گندم کی پیداواری مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

ان مقابلوں کا مقصد کسانوں کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ جیتنے والے کسانوں کے لیے کروڑوں روپے کے نقد انعامات اور ٹریکٹر رکھے گئے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

اہلیت کے معیار کے تحت پانچ یا زائد ایکڑ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالکان مرد و خواتین حصہ لے سکتے ہیں۔ دستاویزات کی تحصیل کمیٹی سے تصدیق ضروری ہے۔ آبپاش علاقوں میں 15 ایکڑ اور بارانی علاقوں میں 12 ایکڑ پر مسلسل گندم کاشت کی ہو اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کیا ہو۔

انعامات میں صوبائی سطح پر اول انعام 85 ہارس پاور ٹریکٹر، دوئم انعام 75 ہارس پاور ٹریکٹر، اور سوئم انعام 60 ہارس پاور ٹریکٹر ہے۔ ضلعی سطح پر اول انعام دس لاکھ روپے نقد، دوئم انعام آٹھ لاکھ روپے نقد، اور سوئم انعام پانچ لاکھ روپے نقد ہے۔

درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں اور متعلقہ دفاتر میں بھی دستیاب ہیں۔ درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کے دفاتر میں جمع ہوں گی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبران، اور گریڈ سترہ سے اوپر کے سرکاری ملازمین سمیت محکمہ مال اور محکمہ زراعت پنجاب کے تمام ملازمین مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

مزید معلومات کے لیے زرعی ہیلپ لائن 0800-17000 پر صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کال کی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close