ایک دن میں دوسرا بڑا دھماکہ

کوئٹہ (پی ین آئی) کوئٹہ میں مختلف مقامات پر یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک دھماکا شالکوٹ تھانے کے علاقے کرانی روڈ پر اے ٹی ایف کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار زخمی ہوئے، تاہم بعد میں ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسرا دھماکا کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک موبائل کی دکان پر دستی بم سے حملہ کیا، تاہم اس میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اس کے بعد تیسرا دھماکا ایئرپورٹ روڈ کے علاقے کلی شابو میں ہوا ہے، پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا تعین کیا جارہا ہے۔پولیس کے مطابق امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور تحقیقات میں مصروف ہیں۔واضح رہے کہ آج پشاور کی مسجد میں دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں معروف عالم دین مولانا منیر شاکر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کرانی روڈ دھماکے کی شدید مذمت کی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس اے ٹی ایف شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے افسوس و یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، شہید اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close