اکوڑہ خٹک دھماکہ، کے پی حکومت کا بڑا مطالبہ

پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخواہ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان سے بات چیت کے لیے مجوزہ ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) جلد از جلد منظور کیے جائیں۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وفاق ٹی او آرز کی منظوری میں مزید تاخیر سے گریز کرے تاکہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے مسئلے پر فوری اقدامات کرسکے، خیبرپختونخواہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر ایک وفد افغانستان بھیجنا چاہتی ہے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کا سدباب کیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کے مسئلے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے بیرونی دوروں پر کوئی اعتراض نہیں کیا جاتا، اگر مریم نواز بھارت سے سموگ ڈپلومیسی کر سکتی ہیں تو خیبر پختونخواہ حکومت کو بھی دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر افغانستان سے بات چیت کا موقع ملنا چاہیے۔

بیرسٹر سیف نے خبردار کیا کہ وفاق کی اس دوہری پالیسی کی وجہ سے صوبہ خیبرپختونخواہ کی عوام میں احساس محرومی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور یہ کسی بھی طرح ملک کے مفاد میں نہیں ہے، اس لیے ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close