پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ حکومت کا کسانوں کو مفت بیج فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 7 اضلاع میں کسانوں کومفت بیج دیئے جائیں گے، جن میں پشاور، سوات، دیر، نوشہرہ، ڈی آئی خان، مردان اور چارسدہ شامل ہیں جہاں کسانوں میں گندم، چاول، مکئی اور دیگر اجناس کے بیج مفت تقسیم کیے جائیں گے، کسانوں کو بیج اضلاع کے درجہ حرارت اور ماحول کے مطابق دیا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں خیبرپختونخواہ کے 4 لاکھ 53 ہزار کسان اس سے مستفید ہوں گے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے کسا نوں کوبھی مفت بیج دیں گے، جس علاقے میں جو بیچ پیدا ہو سکتا ہے وہاں کے کسانوں کو وہی بیج دیا جائے گا، اگلے مرحلے میں تمام اضلاع کے کسانوں کومفت بیج جلد دیا جائے گا، کوشش ہے کسانوں کو سپورٹ فراہم کریں، جلد ہی صوبے کے کسانوں کو مفت کھاد بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ایگریکلچر ٹرانسفرمیشن پلان کے تحت خیبرپختونخواہ کے پہلے سنٹر آف ایکسیلنس سنٹر کے قیام پر کام مکمل کرلیا گیا ہے، عمران خان نے پاکستان میں کل دس سینٹرز کے قیام کا اعلان کیا تھا جس میں سے دو کا قیام خیبرپختونخوا میں ہونا تھا، صوبے کے پہلے سینٹر کو ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ ترناب پشاور میں قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کیا، اس سینٹر کے قیام سے جہاں تحقیق کو فروغ ملے گی تو وہیں خیبرپختونخواہ میں نئی اور ضرورت کے مطابق پیدوار بھی ممکن ہو جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں