خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخوا حکومت نےعوام کو صحت کی سہولیات دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھایا ہے اور صحت کارڈ اسکیم میں مفت او پی ڈی سروسز بھی شامل کردی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونِخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر صحت کارڈ اسکیم میں مفت او پی ڈی سروسز شامل کی گئی ہیں,وزیراعلیٰ ہاؤس میں صحت کارڈ کے تحت او پی ڈی سروسز کے اجرا کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ اسکیم بطور پائلٹ پراجیکٹ ضلع مردان میں شروع کی جارہی ہے۔اس مفت او پی ڈی سہولت سے ضلع مردان کے 50 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ضلع چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ اسکیم شروع کی جائےگی۔ اس اسکیم کے تحت او پی ڈی میں ادویات، ٹیسٹس اور میڈیکل سروسز مفت دستیاب ہوں گی۔

یہ پائلٹ پراجیکٹ جرمن تنظیم کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جسے بعد میں توسیع دی جائے گی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کی بنیاد پر مذکورہ 4 اضلاع کے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار مستحق خاندان اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔مفت او پی ڈی سہولت پہلے سے صحت کارڈ کے پینل پر موجود اسپتالوں کے علاوہ یونین کونسلز کی سطح پر تمام بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں بھی دستیاب ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس اقدام کے بعد خیبرپختونخوا صحت کارڈ پلس کے تحت مفت او پی ڈی سروسز فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے فخر ہے میرے لیڈر کا وژن فلاحی ریاست کا ہے اور خیبرپختونخوا حکومت اس کی تکمیل کررہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت محدود پیمانے پر شروع ہونے والے صحت کارڈ کو پورے صوبے تک توسیع دے چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ صحت کارڈ کے تحت داخل مریضوں کو تو مفت علاج کی سہولت ملتی ہے لیکن او پی ڈی مریضوں کو نہیں، اب صحت کارڈ کے تحت مستحق او پی ڈی مریضوں کو بھی مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے شہریوں کے لیے لائف انشورنس اسکیم لارہے ہیں، 60 سال سے کم عمر کے شخص کے ورثا کو 10 لاکھ، 60 سال سے زیادہ عمر کے شخص کے ورثا کو 5 لاکھ روپے حکومت دے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close