خیبرپختونخواہ حکومت کا خاندان کے سربراہ کے انتقال پر ورثاء کی مالی مدد کا اعلان

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ حکومت نے فیملی سربراہ کے انتقال پر ورثاء کو مالی مدد دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے عوام دوست اقدامات کے تحت صوبے میں مقیم خاندان کے سربراہ کے انتقال پر ورثاء کے لیے مالی امداد کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ خاندان کے سربراہ کے انتقال کی صورت میں ورثاء کی مالی معاونت کی جائے گی، جس کے تحت 60 سال سے کم عمر خاندان کا سربراہ انتقال کر جائے تو اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے ملیں گے، 60 سال سے زائد عمر کے سربراہ کے انتقال پر صوبائی حکومت کی طرف سے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ جاپان کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخواہ کے لیے مجموعی طور پر 2 کروڑ 85 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی، یہ امداد دو منصوبوں کیلئے فراہم کی جائے گی جن میں صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں اور ہزارہ ڈویژن میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے پراجیکٹ شامل ہیں، اس سلسلے میں پاکستان اور جاپان کے درمیان معاہدے طے پاگئے۔

معلوم ہوا ہے کہ جاپان سے ملنے والی اس امداد میں زچہ و بچہ صحت کے لیے 9 اعشاریہ 91 ملین ڈالرز اور انڈس بیسن میں سیلاب مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے 18 اعشاریہ 67 ملین ڈالرز کی رقم شامل ہے، زچہ و بچہ صحت کے منصوبے کے تحت ہزارہ ڈویژن کے 21 مراکز صحت میں جدید طبی آلات نصب کیے جائیں گے تاکہ زچگی اور بچوں کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے، اس منصوبے کا مقصد 2029ء تک ادارہ جاتی ڈلیوریز، سی سیکشنز اور الٹراساؤنڈ معائنے کی تعداد میں اضافہ کرکے زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی لانا ہے، یہ اقدام معیاری طبی خدمات کی فراہمی اور عوام کا اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close