خیبرپختونخواہ قرض اتارنے والا پہلا صوبہ بن گیا

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ قرض اتارنے والا پہلا صوبہ بن گیا، صوبائی حکومت کی جانب سے قرض اتارنے کیلئے قائم کیے گئے فنڈز میں 30ارب روپے منتقل کر دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ خیبرپختونخواہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا قرض اتارنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے ، ڈیبٹ مینجمنٹ فنڈز میں 30ارب روپے منتقل کردیئے گئے ہیں۔جاری بیان میں مزمل اسلم نے کہا ہے کہ دوسرے صوبے اور وفاقی حکومت صرف قرض لیتے ہیں، قرضہ اتارنے کیلئے کوئی پروگرام نہیں ہوتا، مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مزید اس فنڈ میں 30سے 35ارب منتقل کر سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت فنڈ میں اپنا شیئر مجموعی قرض 725ارب کے 10فیصد تک لے جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج فنڈز منتقل کرنا شروع کردیا ہے مالی حالات کو دیکھتے ہوئے مزید فنڈز منتقل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے قومی اور دوسری صوبائی حکومتوں کو قرض اتارنے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے، جب وفاق میں ہماری حکومت آئے گی تو ملکی قرض بھی کم اور ختم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پچھلے چھ مہینے میں 20ارب پنشن اور 20ارب روپے گریجوٹی فنڈ میں منتقل کئے ہیں، منتقل کئے گئے فنڈز پر تین سے چار ارب روپے منافع بھی کما کر محفوظ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آنے سے قبل خیبرپختونخوا خزانہ میں تنخواہ جتنے فنڈز نہ ہونے کی باتیں زبان زدعام تھی، اب خیبرپختونخوا حکومت کے خزانے میں 3ماہ کی ایڈوانس تنخواہ بھی پڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات تھی کہ کم از کم دو ماہ تنخواہ کے فنڈز خزانے میں ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویژن کی جانب گامزن ہے،علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت کا قرض ختم اور معیشت مستحکم کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close