پی ٹی آئی کیلئے خوشخبری، موٹروے اچانک کھول دی گئی

پشاور(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج اسلام آباد میں احتجاج کے باعث موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ جو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے مکمل طور بند کر دی گئی تھی، پولیس کی جانب سے اچانک کھول دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے آج اسلام آباد میں احتجاج کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام کو دونوں اطراف سےکنٹینر لگا کر مکمل سیل کردیا گیا، اٹک خورد چیک پوسٹ پر رینجر، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔پشاور موٹروے انٹرچینج پر پی ٹی آئی کے قافلے اکٹھے ہونا شروع ہوگئے ہیں، کارکن اور خواتین ونگ بھی موجود ہیں، وزیر اعلی 1 بجے تک قافلے میں شامل ہو کر آگے بڑھیں گے۔

وزیراعلی اب پشاور کی بجائے صوابی سے قافلے میں شامل ہوں گے۔وزیراعلی 3 بجے صوابی پہنچیں گے اس وقت وہ لکی مروت میں ہیں۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور سی پیک روٹ کو استعمال کرتے ہوئے لکی سے صوابی جائیں گے جبکہ وزیراعلی کا کنٹینر صوابی کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔قبل ازیں موٹروے پولیس کی جانب سے موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ کو 3 مختلف مقامات سے دنوں اطراف سے ہرقسم کے ٹریفک کے لیے مکمل طور بند کر دیا گیا تھا۔

اس حوالے سے موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹروے دھند کے باعث بند کردی گئی ہے، دھند میں کمی کے بعد موٹروے ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی۔تاہم اب موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ کھولے جانے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان پشاورٹول پلازہ پہنچنا شروع ہوگئے۔واضح رہے کہ عمران خان کے حکم پر 24نومبر(آج) کو پی ٹی آئی کی اسلام آباد کی جانب احتجاجی کال کے باعث جڑواں شہروں میں کاروبار زندگی عملاً معطل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close