پولیس چوکی پر دستی بم سے حملہ

پشاور (پی این آئی) صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس چوکی پر 2 موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے دستی بم حملہ پولیس چوکی سیفن پر کیا جہاں 2 موٹر سائیکل سواروں نے سیفن چوکی پر دستی بم پھینکا، حملے سے ایک شہری زخمی ہوا جب کہ تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، زخمی شہری کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔

ادھر سکیورٹی فورسز نے قلات میں شاہ مردان میں دہشتگردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پرحملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک اور 4 خوارج کو زخمی کردیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک اور 4 خوارج کو زخمی کردیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش 15اور 16 نومبر کی درمیانی شب کی گئی کارروائی میں ناکام بنائی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close