تعلیمی ادارے کب کھل رہے ہیں?اعلان کردیاگیا

پشاور (پی این آئی )خیبرپختونخوا حکومت اور ہڑتالی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد پرائمری اساتذہ نے 5 روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے پیر سے سکولز کھولنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی نے پرائمری اساتذہ کے دھرنے میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا۔ انہوں نے مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو آگاہ کیا کہ پرائمری استاد کی بھرتی کا سکیل 12 سے 14 کردیا جائے گا اور پرائمری ہیڈ ٹیچر کا سکیل 15 سے 16 کیا جائے گا جبکہ استاد کی بھرتی کے لئے تعلیمی قابلیت بی ایس یا بی اے بی ایس سی ہو گی۔ ارباب شیر علی نے مظاہرین کو بتایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں 13 ہزار اساتذہ کی مستقلی کا اعلامیہ جلد جاری کرے گی، 7 اضلاع میں 3 ہزار پرائمری ہیڈ ٹیچرز کی پروموشن کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پی فنڈ کو پنشن میں تبدیل کرنے کے لئے کابینہ سے منظوری لی جائے گی، جبری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر 11 ارب روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے اور اگلے ہفتے ارباب شیر علی اپ گریڈیشن پر صوبائی حکومت کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے۔ ایم این اے ارباب شیر علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر تعلیم سے بات کی ہے، محکمہ تعلیم کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے، مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو میں بھی اساتذہ کے ساتھ سڑکوں پر نکلوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں