وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گورنر سے بڑا اختیار واپس لے لیا

پشاور (پی این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر سے جامعات کی چانسلرشپ کااختیار واپس لے لیا، وزیر اعلیٰ صوبے کی تمام جامعات کے چانسلر ہوں گے، صوبائی کابینہ نے جامعات کے قانون میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وائس چانسلرز کی مدت ملازمت چار سال کرنے کی ترمیم بھی منظور کرلی گئی ہے، یونیورسٹیز ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے مطابق جامعات کے وائس چانسلرزکے تقرر کا اختیار بھی وزیراعلیٰ کے پاس ہوگا۔یونیورسٹیز ایکٹ میں کئی ترامیم کے مطابق وزیر اعلیٰ تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے چانسلر ہوں گے، خواتین کی جامعات میں وائس چانسلر کے عہدوں پر صرف خواتین امیدواروں کی تعیناتی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان اختیارات کی کھینچا تانی کافی عرصے سے جاری ہے۔اس سے قبل رواں سال ستمبر میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ میں ردوبدل کی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سمری مسترد کردی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں