طلباء کے لیے خوشخبری آگئی

پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخوا حکومت نے ضم قبائلی اضلاع میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے طالبات کے وظیفہ پروگرام کا اعلان کردیا۔

بچیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے گرلز اسٹائیپنڈ پروگرام کے تحت چھٹی سے بارھویں جماعت تک کی طالبات کو ماہانہ وظائف فراہم کیے جائیں گے۔سیکرٹری ایلیمنٹری ایجوکیشن کے مطابق پروگرام کے تحت ضم اضلاع کی چھٹی سے بارہویں جماعت تک کی بچیوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہانہ وظائف کی فراہمی کے پروگرام پر مجموعی طور پر 1.14 ارب روپے لاگت آئے گی جس کا 82 فیصد صوبائی حکومت جبکہ باقی 18 فیصد ورلڈ فوڈ پروگرام ادا کرے گا۔

صوبائی وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکینڈری ایجوکیشن فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ گرلز اسٹائیپنڈ پروگرام سے 8 اضلاع کے 514 اسکولز کی 30 ہزار بچیاں مستفید ہوں گی، یہ وظائف اسکولز میں بچیوں کی کم سے کم 70 فیصد حاضری سے مشروط ہوں گے۔فیصل ترکئی نے کہا کہ ان وظائف کا بنیادی مقصد ضم اضلاع میں بچیوں کے داخلوں کی شرح میں اضافہ اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کرنا ہے، ضم اضلاع میں اسکول سے باہر بچوں کی مجموعی تعداد میں 70 فیصد بچیاں شامل ہیں، جنہیں پڑھانے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت پرعزم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close