اسلام آباد (پی این آئی)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی دے دی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی سے خطاب میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ پختونخواکےعلاوہ جہاں بھی احتجاج کی کال کی، فسطائیت کامظاہرہ کیا گیا، جلسے کی اجازت نہ دینے پر مجبوراً احتجاج کاراستہ اختیارکیا، ہمارے جلوس پر شیلنگ کی گئی جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پولیس اور رینجرز کو پیچھے دھکیل کر ہم ڈی چوک تک پہنچے۔انہوں نے کہا کہ فوج ہماری ہے، ان سے کوئی لڑائی نہیں، مجھے گرفتاری سے کوئی خوف نہیں، ہمارے کے پی ہاؤس پہنچنے کے بعد پولیس نے دھاوا بولا، کے پی ہاؤس میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کا انتظار کررہے تھے، کے پی ہاؤس میں پولیس والوں پر بھی تشدد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی دی اور کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو آئی جی کو ہٹانے کیلئے اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے، اسمبلی کے فلور سے یہ پیغام دے رہا ہوں کہ تیار ہوجاؤ ہم پھر اسلام آباد آرہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں