صحت کارڈ پر علاج کروانے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی

پشاور (پی این آئی ) صوبہ خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا ہے کہ صحت کارڈ کیلئے مزید 3 ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں، مارچ میں حکومت آنے کے بعد سے اب تک ساڑھے 10 ارب روپے جاری کیے گئے، فری ادوایات کے لئے فنڈز علیحدہ سے جاری کیے جارہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ میں صحت کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ 63 ہزار لوگوں کا علاج ممکن ہوا جس میں 1 لاکھ 4 ہزار لوگوں نے صحت کارڈ پلس کی سہولت نجی ہسپتال سے حاصل کی ہے، موجودہ حکومت نے اپنے ماہانہ صحت کارڈ اخراجات کو ریفارم کرکے دو ارب تک پہنچا دیا، معیار کو بہتر کرکے لوگ سرکاری اسپتالوں کو ترجیح دے رہے ہیں، اب تک صرف صحت کارڈ سے 2 لاکھ 60 ہزار لوگوں نے سرکاری اسپتال سے علاج کرایا ہے۔

صوبائی مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کو مالی بحران زدہ صوبہ قرار دینے والوں کیلئے یہی جواب کافی ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور اور چیئرمین عمران خان کا ویژن عوامی خدمت ہے، آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں ہیں اور انشاءللہ اپنے خزانے سے انہیں پورا کریں گے، ٹک ٹاک حکومت کے لئے ایک مشورہ ہے کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close