پشاور ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کرپشن کی روک تھام کیلئے کمیٹی بنا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات میں وزرا کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے صوبائی وزراء کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی مشاورت سے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی میں شاہ فرمان، سینئر قانونی ماہر قاضی انور اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈئیر ریٹائرڈ مصدق عباسی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کمیٹی وزراء کی گورننس اور مالی بدعنوانی کی شکایات سے بانی پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ کو آگاہ کرے گی۔ کمیٹی صوبے میں کرپشن کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لے گی اور گڈ گورننس کے لیے اقدامات تجویز کرے گی، کمیٹی وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء کی کارکردگی کو بھی مانیٹر کرے گا، کمیٹی کا مقصد محکمہ اینٹی کرپشن کا دائرہ اختیار بڑھانا ہے۔
کمیٹی گریڈ 21 کے افسران اور وزراء کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے گی، کمیٹی مختلف پہلو پر جائزہ لینے کے بعد کیسز عدالتوں کو بھیجے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ صوبے میں کرپشن روکنے کے لیے حال ہی میں بریگیڈئیر ریٹائرڈ مصدق عباسی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کا معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی مقرر کیا گیا ہے، مصدق عباسی اس سے قبل خیبرپختونخواہ میں ڈائریکٹر جنرل نیب اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے احتساب بھی رہ چکے ہیں، مصدق عباسی کا تعلق ضلع ایبٹ آباد کے خطہ سرکل بکوٹ کے گاؤں بیروٹ سے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں