بھتہ خوروں نے دو کروڑ کا مطالبہ کر کے شہری کو تابوت بھجوا دیا

پشاور(پی این آئی)پشاور میں بھتہ خور کاروباری افراد کو ڈرانے دھمکانے کے لیے نیا طریقہ آزمانے لگے۔

فقیر آباد تھانے کی حدود میں گزشتہ روز نامعلوم افراد کی جانب سے نجی پراپرٹی ڈیلر کے دفتر بھتے کی دھمکی کے ساتھ دو تابوت بھیجے جانے والا واقعہ پیش آیا ہے۔بدھ کو اشرافیہ روڈ پر پراپرٹی کے دفتر کے باہر دو رکشوں میں دو تابوت بھجوائے گئے جس کے بعد پولیس نے اطلاع ملتے ہی دونوں رکشوں اور تابوت کو تحویل میں لے لیا اور اس واقعے کا مقدمہ تھانہ فقیر آباد میں درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے اپنے بیان میں موقف اپنایا کہ انہیں کئی دنوں سے کالیں موصول ہو رہی تھیں جبکہ کچھ روز پہلے ان کے دفتر کے باہر فائرنگ بھی ہوئی۔

انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ان سے دو کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کی وجہ وہ اور ان کے گھر والے خود کو غیرمحفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
اس معاملے پر اے ایس پی فقیر آباد محمد علیم نے بتایا کہ معروف کاروباری شخص کے دفتر کے باہر دو تابوت رکھے گئے تھے جن کے اوپر بھتے کی پرچی بھی رکھی تھی جس پر پیسوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اے ایس پی فقیر آباد کے مطابق معاملے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے یہ بھتہ خوری کے علاوہ لین دین کا کوئی تنازع ہو تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close