لکی مروت میں فائرنگ، افسوسناک ہلاکتیں ہو گئیں

لکی مروت (پی این آئی)لکی مروت میں فائرنگ، افسوسناک ہلاکتیں ہو گئیں۔۔۔۔خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم ملزمان نے ایک کار پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق لکی مروت میں کرم ٹول پلازہ کے قریب کار پر فائرنگ کے نتیجے میں اس میں موجود پولیس اہلکار اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے کار میں موجود 2 خواتین حیرت انگیز طور پر محفوظ رہیں۔

جاں بحق اہلکار کی شناخت سابق ایم ٹی او لکی مروت پولیس سعد اللّٰہ خان تترخیل کے نام سے ہوئی ہے۔جاں بحق ہونے والے بچے مقتول کے بھانجے تھے جن کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔سعد اللّٰہ خان تترخیل کی کار کو ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا گیا ہے، واردات انجام دینے کے بعد ملزمان جائے وقوع سے باآسانی فرار ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close