پشاور(پی این آئی)خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جمعہ کو کرم میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں حوالدار عقیل احمد ، لانس نائیک محمد تافیر، سپاہی انوش روفن ، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گردی کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں