خیبرپختونخو احکومت کا صحت کارڈ کی رقم بڑھانے کا فیصلہ

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کی رقم 10 سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ہم نے صحت کارڈ فراہم کیے ہیں، صوبائی حکومت صحت کارڈ کو مزید وسعت دے رہی ہے، صحت کارڈ کی رقم 10 سے بڑھا کر 20 لاکھ کی جائے گی، اس صحت کارڈ کے ذریعے خیبرپختونخوا کے شہری اپنے صوبے ہی نہیں بلکہ پاکستان بھر میں منظورشدہ ہسپتالوں سے مفت علاج کروا سکیں گے، صحت کے شعبے کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں، صوبائی حکومت سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو بھی بہتر کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بہت سی چیزوں کی توقعات کر رہے ہیں، ابھی پاکستان اور ہمارا صوبہ مالیاتی مشکلات سے دوچار ہے، ہم خود مختار لوگ ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمیں امداد لینا پڑ رہی ہے، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ہمارے لیے چیلنج ہے، اس کے لیے ہمارے لوگوں اور ہماری افواج نے بہت قربانیاں دی ہیں، امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہوگی کیوں کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کا واحد حل اپنے علاقوں کی ترقی ہے، امن و امان کو بہتر کرنے کے لیے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے، اس کی مدد سے مستقبل قریب میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں